پٹنہ، 13نومبر ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )لالو یادو اپنے تمسخر سے جہاں مخالفین کو ناک میں دم کئے ہوئے رہتے ہیں وہیں ان کے بیان سے کئی مرتیہ تنازعات بھی اٹھ کھڑے ہوئے ہیں حالیہ دنوں لالو نے بھورا چوہے پر بیان دے کر بہار کی سیاسی فضا کو گرم کردیا ، لالو نے کہاتھا کہ بہا رکے پشتوں کو بھورا چوہا کمزور کر رہا ہے ، لیکن اب کے کئی معنی نکالے جارہے ہیں ، تاہم بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے اس بیان کے تناظر میں کہا کہ ہم ایسے بھونڈے لفظوں کے ذریعہ سیاست نہیں کرتے ، ایسی زبان لالو یادو کوہی مبارک ہو ۔ نتیش کمار نے بے رخی سے کہا کہ ان کی باتوں کا اب ہم کوئی نوٹس نہیں لیتے ؛ بلکہ نظر انداز کرجاتے ہیں ۔ نتیش کمار نے لالو یادو پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اپنے الٹے سیدھے بیانات کے ذریعہ کس طرح میڈیا میں جگہ بنائی جائے یہ تو لالو یادو کے کالج لائف سے ہی معلوم ہے ۔ انہوں نے لالو یادو کی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وجہ سے ان کا خاندان مصیبتوں کا شکار ہے لالو یادو نے اپنے پورے خاندان کو پھنسا کر رکھا ہے ۔ واضح ہو کہ بہار کے آبی وسائل کے وزیر للن سنگھ کا ایک بیان آیا تھا ، بیان میں وزیر موصوف نے کہا تھا کہ بہار کے پشتوں میں سیلاب کے دوران شگاف پڑنے او رٹوٹنے کی اصل وجہ چوہے ہیں جو پشتوں کو سوراخ زدہ کرتے ہیں ۔ اس بیان کی وجہ سے بہار کی سیاست میں لفظ ’’ چوہے ‘‘ نے دستک دی تھی ؛ لیکن اب یہ چوہا لالو کے بیان میں بھورا ہوگیا ہے ۔